نئی دہلی، 24؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی)نے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ معاملے میں منی لانڈرنگ سے متعلق اپنی تحقیقات کے تحت سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کی بیوی نلنی چدمبرم کو سمن بھیجا ہے۔حکام نے بتایا کہ نلنی کو اگلے مہینہ کے شروع میں معاملہ کے تفتیشی افسر کے سامنے کولکا تہ میں موجود ہونے کے لیے کہا گیا ہے جہاں منی لانڈرنگ روک تھام قانون کی دفعات کے تحت ان کا بیان درج کئے جانے کاامکان ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی وکیل نلنی سے متعلق خصوصی معاملہ شاردا گروپ کی طرف سے ان کی قانونی فیس ادا کئے جانے سے منسلک ہے۔ذرائع نے بتایا کہ یہ 1.26کروڑ روپے کی رقم سے منسلک معاملہ ہے اورای ڈی شاردا کمپنی کے اکاؤنٹ سے انہیں رقم کی ادائیگی اور متعلقہ معاہدے کے بارے میں جاننا چاہتی ہے۔اس سلسلے میں ان سے پہلے بھی ای ڈی اور سی بی آئی کی طرف سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔تاہم ذرائع نے دعوی کیا کہ انہیں نئے ثبوتوں کی روشنی میں آنے پر پھر سمن جاری کیا گیا ہے۔اس وقت جیل میں بند شاردا گروپ کے صدر سدیپت سین نے نلنی کو وکیل کے طور پر رکھے جانے کا ذکر کیا تھا۔انہوں نے بتایا تھا کہ کانگریس لیڈر متگ سنگھ سے الگ ہوئیں ان کی بیوی منورنجنا سنگھ کے اصرار پر نلنی کو وکیل کے طور پر رکھا گیا تھا۔نلنی نے منورنجنا کی نمائندگی کی اور شمال مشرق میں گروپ کی طرف سے ایک ٹی وی چینل حاصل کرنے کے منصوبہ کے سلسلے میں سین کے ساتھ ان کی بات چیت میں ان سے پیشہ ورانہ مشورہ دینے کو کہا گیاتھا ۔سمجھا جاتا ہے کہ نلنی نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ 42کروڑ روپے لگا کر گروپ کو ٹی وی چینل حاصل کرنے کی طرف قدم نہیں بڑھانا چاہیے ۔ای ڈی نے اس سال کے آغاز میں کولکا تہ کی ایک خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں اس معاملے میں ایک چارج شیٹ داخل کیا تھا اور وہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی مزید چارج شیٹ دائر کرنے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔